محمد اللہ کے رسول ہیں
محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی رسالت پر ایمان لانا اسلام کے بنیادی رکن کا دوسرا حصہ اور ایسا بنیادی اصول ہے جس پر اسلام کی عمارت کھڑی ہوتی ہے۔
انسان اسی وقت مسلمان ہوتا ہے جب وہ ان دونوں (شہادتین) کی گواہی دے‘ چنانچہ گواہی دے کہ اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں اور یہ کہ محمد اللہ کے رسول ہیں۔
أ- رسول کے معنی کیا ہیں؟ اور محمد کون ہیں؟ اور کیا ان کے علاوہ اور بھی رسول ہیں؟
کچھ صفحات میں انہی سوالوں کے جواب دینے کی ہم کوشش کریں گے۔
رسول وہ مرد ہوتا ہے جو صدق گوئی اور حسن اخلاق کے بلند وبالا چوٹی پر فائز ہوتا ہے‘ اللہ تعالی لوگوں میں سے اس کو منتخب کرتا ہے‘ پھر اپنی مشیئت سے ان کی طرف دینی احکام یا غیبی امور کی وحی نازل کرتا اور انہیں لوگوں تک پہنچانے کا حکم دیتا ہے‘ معلوم ہوا کہ رسول بھی دیگر انسانوں کی طرح انسان ہوتے ہیں‘ وہ بھی کھاتے پیتے ہیں جیسے لوگ کھاتے پیتے ہیں‘ انہیں بھی وہ تمام ضروریات درپیش ہوتی ہیں جو لوگوں کو ہوا کرتی ہیں‘ لیکن وہ ان سے اس معنی میں ممتاز اور نمایاں ہوتے ہیں کہ ان پر اللہ کی وحی نازل ہوتی ہے‘ اور اللہ تعالی جن غیبی امور اور دینی احکام سے چاہتا ہے‘ انہیں باخبر کرتا ہے‘ اور ان احکام کو لوگوں تک پہنچانے کا حکم دیتا ہے‘ لوگوں کے درمیان ان کا ایک امتیاز یہ بھی ہوتا ہے کہ کبیرہ گناہوں کا ارتکاب کرنے اور کسی بھی ایسے معاملہ میں واقع ہونے سے اللہ ان کو محفوظ رکھتا ہے جو پیغام الہی کو لوگوں تک پہنچانے میں حائل اور مانع ہو۔
محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے پہلے مبعوث ہونے والے رسولوں کے چند واقعات ہم آپ کے سامنے پیش کرنے جارہے ہیں‘ تاکہ یہ واضح ہوسکے کہ تمام رسولوں کا پیغام ایک تھا‘ اور وہ ہے صرف ایک اللہ کی طرف بلانا‘ اس کی شروعات ہم آغازِ انسانیت کے قصہ اور ابو البشر آدم اور ان کی نسل سے شیطان کی دشمنی سے کرتے ہیں: