میرے عزیز قاری!
یہ کتاب جو آپ کے سامنے ہے‘ وہ آپ کو ایسی واضح شکل میں دین اسلام سے روشناس کرائے گی جو دین کے تمام گوشوں(عقائد-آداب-احکام-اور دیگر ساری تعلیمات) کو شامل ہے۔
میں نے اس میں مختلف بنیادی باتوں کی رعایت کی ہے
پہلى بات: دین کی ان بنیادوں پر زور دیا ہے جن پر اس کی عمارت کھڑی ہے۔
دوسرى بات: حتى الامکان اختصار کو ملحوظ خاطر رکھا ہے۔
تیسرى بات: اسلام کا تعارف اس کے اصلی مصادر ومآخذ (قرآن کریم اور احادیث رسول) کی روشنی میں پیش کیا ہے تاکہ قاری اسلام کے بنیادی سرچشموں سے روشناس ہو اور بلا واسطہ ان سرچشموں سے ہدایت اور تعلیمات کا جام نوش کرے۔
میرے عزیز قاری! جب آپ کتاب کے اخیر تک پہنچیں گے تو پائیں گے کہ آپ کے ذہن میں دینِ اسلام کے تعلق سے ایک واضح تصور پیدا ہوچکا ہے‘ پھر اس کے بعد آپ اس دین سے متعلق اپنی معلومات میں مرحلہ وار طریقے سے مزید اضافہ کر سکتے ہیں۔
یہ کتاب جو آپ کے سامنے ہے وہ بہت سے لوگوں کے لئے اہم ہے‘ سب سے زیادہ ان لوگوں کے لئے اہمیت کی حامل ہے جو دینِ اسلام کو گلے لگانا اور اس کے عقائد وآداب اور احکام کو سیکھنا چاہتے ہیں۔
اسی طرح یہ ان لوگوں کے لئے بھی اہم ہے جو مختلف ادیان کے بارے میں معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں بطور خاص ان ادیان کے بارے میں جن کو کرڑوں انسان قبول کر رہے ہیں‘ اسی طرح یہ اسلام سے دوستى کا تعلق رکھنے والوں کے لئے بھی اہم ہے جو اس کے تئیں اپنے دل میں نرم گوشہ رکھتے ہیں اور اس کی بعض خصلتوں سے متاثر بھی ہیں‘ نیز اسلام کے ان دشمنوں کے لئے بھی یہ کتاب اہم ہے جو اس کی مخالفت کے درپے رہتے ہیں‘ جن کی جہالت وناآشنائی اس دشمنی اور نفرت کا ایک بنیادی سبب ہوسکتی ہے۔
جن لوگوں کے لئے یہ کتاب بہت زیادہ اہم ہے‘ ان میں وہ حضرات بھی شامل ہیں جو لوگوں کے سامنے دینِ اسلام کی تشریح پیش کرنا چاہتے ہیں‘ یہ کتاب ان کی محنت ومشقت کو کم کرتی اور ان کا مشن آسان بنا دیتی ہے۔
اے ذہین وزیرک قاری! اگر آپ کے پاس دینِ اسلام کے تعلق سے کوئی سابقہ تصور نہیں ہے‘ تو آپ کو محسوس ہو سکتا ہے کہ اس کتاب کے مشتملات کو سمجھنے کے لئے آپ کی شدید توجہ اور سنجیدہ مطالعہ کی ضرورت درکار ہے‘ اس سے آپ پریشان نہ ہوں‘ بہت سے ایسے اسلامی ویب سائٹ موجود ہیں جہاں آپ کو اپنے سوالوں کے جواب مل سکتے ہیں۔